ینگون، 26؍مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ہندوستانی فٹ بال ٹیم کے چیف کوچ اسٹیفن کانسٹینٹائن نے آج کہا کہ میانمار ان کی ٹیم کے خلاف منگل کو ہونے والے اے ایف سی ایشیائی کپ کوالیفائرز میچ میں جیت کے دعویدار کے طور پر آغاز کرے گا۔کانسٹینٹائن نے کہا کہ میانمار کی ٹیم گزشتہ کچھ عرصے سے ایک ساتھ ہے اور اس کے علاوہ انہیں ناظرین کی حمایت کا بھی فائدہ ملے گا، یہی نہیں ان دونوں ٹیموں کے درمیان جو گزشتہ میچ کھیلا گیا تھا، اس وقت میانمار نے ہندوستان کو 1-0سے شکست دی تھی۔کانسٹینٹائن نے اس اہم میچ سے پہلے کہاکہ و ہ یقینی طور پر جیت کے دعویدار کے طور پر آغاز کرے گا، گھریلو میدان پر کھیلنے سے ہر ٹیم فائدے میں رہتی ہے، ان کے کھلاڑی گزشتہ کچھ وقت سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور ایک دوسرے کے کھیل کو اچھی طرح سے سمجھتے ہیں۔جب آپ میدان پر اترتے ہو تو اس کا کافی فائدہ ملتا ہے، وہ یقینی طور پر بہتر پوزیشن میں ہے ۔ہندوستانی کوچ سے پوچھا گیا کہ میانمار کا مضبوط پہلو کیا ہے؟ انہوں نے کہاکہ وہ سخت محنت کرتے ہیں اور دباؤ بنانے میں ان کو مزہ آتا ہے، جب یہ دونوں مل جاتے ہیں اور اس میں مہارت اور شائقین کی حمایت بھی شامل ہو جاتی ہے تو حریف ٹیم کے لیے صورت حال مشکل بن جاتی ہے۔اس سے پہلے ہندوستان نے 22؍مارچ کو کمبوڈیا کے خلاف فرینڈشپ میچ میں 3-2سے جیت درج کی تھی اور کانسٹینٹائن نے کہاکہ ان کے کھلاڑی تقریباََفٹ ہیں۔کانسٹینٹائن نے کہاکہ گزشتہ 18؍ماہ پر غور کریں، تو ہم اب اچھی حالت میں ہیں،کچھ بھی سنگین نہیں ہے اور کھلاڑی تیار ہیں۔